21 دسمبر ، 2016
اعزاز سید...نیب نے بلوچستان کے سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی۔
نیب نے مئی میں مشتاق رئیسانی کے گھر سے بھی ستر کروڑ روپے سے زائد رقم برآمد کی تھی، مشتاق رئیسانی اور کنٹریکٹر سہیل مجید میگا کرپشن کیس میں مزید دو ارب روپے واپس کریں گے۔
نیب نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف مزید2 نیب ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آصف زرداری کے بہنوئی میر منور علی تالپور کے خلاف 3 انکوائریاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف مزید2کرپشن ریفرنس دائر کیے جائیں گے،پہلا ریفرنس رشما پاور جنریشن پرائیویٹ لمیٹڈجبکہ دوسرا ریفرنس ایم ایس گلف پاور سے متعلق ہے۔
نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں بلوچستان کے سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی، سابق صوبائی وزیر خالد لانگو، ان دونوں کے فرنٹ مین سہیل مجید کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی گئی۔
ملزمان مجموعی طور پر قومی خزانے میں 2 ارب روپے جمع کرائیں گے،چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری کی زیرصدارت اس اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے بہنوئی میر منور علی تالپور کے خلاف تین انکوائریاں ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، یہ انکوائریاں گزشتہ سال شروع کی گئی تھیں۔