26 دسمبر ، 2016
پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹاپ آرڈر ایک بار پر ناکام رہا،میلبورن ٹیسٹ کے پہلے روز چائے کے وقفے پر پاکستان نے 4وکٹوں کے نقصان پر 142رنز بنالئے۔اظہر علی 66اور اسد شفیق 4رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جارہے ٹیسٹ میں کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا، اوپنرز ایک بار پھر اچھا آغاز فراہم نہ کرسکےاور 18کے مجموعی اسکور پرسمیع اسلم صرف 9رنزبناکر لائیون کی گیند پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 23رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اس دورن اظہر علی نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، یہ ٹیسٹ کیریئر میں ان کی 25ویں نصف سنچری ہے۔
یونس خان اس بار بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 21رنز بناکر برڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، کپتان مصباح صرف 11رنز بناسکے۔
آسٹریلیا کی طرف سے برڈ نے 2جبکہ ہیزل ووڈ اور لائیون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بارش کے باعث کھیل روکنا پڑا اور اس تعطل کو چائے کے وقفے میں تبدیل کردیا گیا۔وقفے پر اظہرعلی نے 66اور اسد شفیق نے 4رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے آسٹریلوی سرزمین پر کبھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے، پاکستان ٹیم میلبورن ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو تین ٹیسٹ کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوجائے گی اور فیصلہ کن میچ سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیت سیریز برابر کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی بولنگ لائن میں ایک تبدیلی کا عندیہ دیا ہے۔