26 دسمبر ، 2016
میلبورن ٹیسٹ میں پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے4 وکٹوں کے نقصان پر 142رنز بنالئے۔ اظہر علی 66اور اسد شفیق 4رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ بارش کے باعث میچ مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا۔
ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جارہے ٹیسٹ میں کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا، اوپنرز ایک بار پھر اچھا آغاز فراہم نہ کرسکےاور 18کے مجموعی اسکور پرسمیع اسلم صرف 9رنزبناکر لائیون کی گیند پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 23رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس دوران اظہر علی نے نہ صرف کیریئر کی 25ویں نصف سنچری اسکور کی بلکہ کیلنڈر ایئر میں ہزار رنز بھی بنالئے، اس سے قبل محسن خان، انضمام الحق، محمد یوسف اور یونس خان(دومرتبہ) یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
یونس خان اس بار بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 21رنز بناکر برڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، کپتان مصباح صرف 11رنز بناسکے۔
آسٹریلیا کی طرف سے برڈ نے 2جبکہ ہیزل ووڈ اور لائیون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بارش کے باعث کھیل روکنا پڑا اور اس تعطل کو چائے کے وقفے میں تبدیل کردیا گیا، تاہم بارش کا سلسلہ رک نہ سکا اور اور میچ مقررہ وقت سے پہلے ختم کردیا گیا، آج 50اعشاریہ 5اوورز کا کھیل ہوسکا، جب کھیل ختم ہوا تو اظہرعلی66اور اسد شفیق نے 4رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔