کھیل
01 جنوری ، 2017

پاکستان کی پہلی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امتیاز احمد انتقال کرگئے

پاکستان کی پہلی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امتیاز احمد انتقال کرگئے

 

ملک کی پہلی کرکٹ ٹیم کے رکن، ماضی کے سپراسٹار اور سابق کپتان امتیاز احمد لاہور میں انتقال کرگئے ۔ ان کی عمر 88 سال برس تھی، انتقال کی خبر ان کے صاحبزادے نے سوشل میڈیا پر پیغام نشر کرکے دی۔

امتیاز احمد نے1952 سے 1962 کے درمیان پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 41 ٹیسٹ میچ کھیلے اور  2079 رنز بنائے، وہ وکٹ کیپر بیٹسمین کی حیثیت سے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچوں میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی تھے، جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 1955 میں لاہور میں ا سکور کی تھی، جس میں انہوں نے 209رنز بنائے تھے۔

وہ قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور خواتین کرکٹ سے بھی منسلک رہے ہیں، امتیاز احمد 5 جنوری 1928 کو لاہور میں پیدا ہوئے ،ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز تقسیم ہند سے قبل 1944 میں ہوا تھا اور تقسیم ہند سے قبل وہ رانجی ٹرافی میں نارتھ انڈیا کی نمائندگی کرتے رہے تھے۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں انہوں نے 130 میچ کھیل کر 10 ہزار سے زائد رنز بنائے اور ان کا بہترین اسکور 300  رنز ناٹ آؤٹ رہا تھا۔

تقسیم ہند کے بعد حفیظ کاردار کی قیادت میں بننے والی پاکستان کی پہلی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں امتیاز احمد کو بطور بیٹسمین شامل کیا گیا اور 1952 میں بھارت کا پہلا دورہ کرنے اور اولین ٹیسٹ میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔

 

مزید خبریں :