کھیل
06 جنوری ، 2017

یونس خان کی11ممالک میں سنچریاں، 10ہزار رنز کے بھی قریب

یونس خان کی11ممالک میں سنچریاں، 10ہزار رنز کے بھی قریب

 

پاکستان کیلئے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے یونس خان نے آسٹریلوی سرزمین پر سنچری بناکر انوکھا ریکارڈ اپنے نام کرلیا، وہ دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں جنہوں نے متحدہ عرب امارات سمیت 11ممالک میں ٹیسٹ سنچری اسکور کی ۔

اس سے قبل بھارت کے راہول ڈریوڈ کو ٹیسٹ کھیلنے والے تمام دس ممالک میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل تھا۔ ڈریوڈ نے امارت میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ۔ یونس خان نے اپنی سنچری ٹی سی ایف اسکول اسٹیل ٹائون کے نام کی ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں یونس خان نے کہا ہے کہ وہ اس اسپیشل اننگز کو فائونڈیشن کے نام کرتے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ اگر میں دس ہزار رنز بنانے میں کامیاب ہوگیا تو اپنا بیٹ بھی فاونڈیشن کے نام کروں گا۔ سڈنی میں جاری سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن یونس خان نے ناتھن لائن کو چوکا لگا کر کیریئر کی 34ویں سنچری اسکور کی۔

اب تک دنیا کے گیارہ ملکوں ویسٹ انڈیز، بھارت، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش، انگلینڈ، زمبابوے پاکستان ٹیسٹ میچز کی میزبانی کرچکے ہیں، یونس خان ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے تمام ملکوں کے خلاف بھی سنچری بنانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔

یہ یونس خان کے کیریئر کی 34ویں سنچری تھی اور وہ سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔39 سالہ یونس خان نے115 ٹیسٹ میچوں میں9925رنز بنائے ہیں۔ انہیں دس ہزار کلب میں شامل ہونےکے لئے مزید75رنز کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :