07 جنوری ، 2017
نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی 20انٹرنیشنل میں 47رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے کولن منرو کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت مقررہ20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے تھے۔
بنگلہ دیش 196رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18.1اوورز میں148 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ صابر حسین48 اور سومیا سرکار 39رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ایش سودی نے 3جبکہ بین ویلر اور کین ولیمسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
کولن منرو کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، منرو نے54 گیندوں پر 7چھکوں اور 7چوکوں کی مدد سے101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس طرح وہ ٹی20 میں سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔
ٹام بروس نے ناقابل شکست 59رنز بنائے تھے۔ روبل حسین نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20انٹرنیشنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔