12 جنوری ، 2017
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی غلام مصطفیٰ لغاری نے ایک نجی بینک کی طرف سے دائر ڈائریکٹ کمپلنٹ پر ملزمان اے آر وائی نیوز کے اینکر سلیمان مرزا، اے آر وائی نیوز انویسٹی گیشن کے ہیڈ اسد کھرل اور کراچی اسٹاک ایکسچینج کے ڈائریکٹر عقیل کریم ڈھیڈی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
نجی بینک کی جانب سے اسکے مجاز افسر اشرف شہزاد احمد کے توسط سے ملزمان اے آر وائی نیوز کے اینکر سلیمان مرزا، اے آر وائی نیوز انویسٹی گیشن کے ہیڈ اسد کھرل اور کراچی اسٹاک ایکسچینج کے ڈائریکٹر عقیل کریم ڈھیڈی کےخلاف ضابطہ فوجداری ایکٹ کی دفعہ 200بشمول دفعات 500,501,502 کے تحت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی Viithکی عدالت میں ڈائریکٹ کمپلنٹ فائل کی گئی۔
یکم اکتوبر 2016کو فاضل مجسٹریٹ نے معاملہ معزز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کو ریفر کیا۔بعد ازاں یہ کمپلنٹ اس عدالت (ایڈیشنل سیشن جج جنوبی) کو 3اکتوبر 2016کو سیشن جج کی عدالت سے موصول ہوئی۔ 15اکتوبر 2016کو عدالت نے مجاز افسر اشرف شہزاد احمد کا بیان قلمبند کیااور ابتدائی انکوائری کا حکم جاری کیا۔ اس حکم میں مدعی کو بھی ہدایات دی گئیں کہ وہ اپنے گواہان کے بیانات مذکورہ مجسٹریٹ جنوبی کے روبرو ریکارڈ کرائیں۔ مجسٹریٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ماہ میں اپنی رپورٹ جمع کرائے۔
بعد ازاں فاضل مجسٹریٹ نے دو گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد اپنی تفصیلی انکوائری رپورٹ یکم نومبر 2016کو جمع کرائی۔9دسمبر 2016کو مدعی کے وکیل کے دلائل کی سماعت اور تمام ریکارڈ کے ملاحظے کے بعد عدالت نے اپنی آبزرویشن میں کہا کہ بادی النظر میں مقدمہ درج بالا ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 500,501,502کے تحت بنایا گیا۔لہٰذا مدعا علیہان/ملزمان کے فی کس 50ہزار روپے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔