12 جنوری ، 2017
سائنسدانوں نے گلوبل وارمنگ سے دنیا بھر کو لاحق شدید خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ زمینی درجہ حرارت 2 ڈگری تک بڑھے تونیو یارک،ممبئی اور شنگھائی جیسے کئی بڑے شہر زیر آب آجائیں گے۔
گلوبل وارمنگ سے متعلق سامنے آنے والی نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زمینی درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھے تو گلیشئرز پگھلنے سے سطح سمندر میں 4.7 میٹر کا اضافہ ہو جائے گا اور کئی ساحلی شہر زیر آب آجائیں گے،جس سے 28 کروڑ افراد متاثر ہوں گے، اگر درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھے تو اس کے اثرات بھی دوگنا ہو جائیں اور یوں 60 کروڑ افراد کے بے گھر ہونے کا خدشہ ہے۔
چین کے ساحلی علاقے جہاں اس وقت ساڑھے 14 کروڑ لوگ بستے ہیں درجہ حرارت بڑھنے سے سمندر بن جائیں گے،ایشیائی ممالک کی 75 فی صد آبادی ایسے علاقوں میں رہتی ہے جو گلوبل وارمنگ کے اثرات سے متاثر ہو سکتے ہیں،جاپان کے ساڑھے 3 کروڑاور امریکہ کے ڈھائی کروڑ لوگ متاثر ہو سکتے ہیں سائنسدانوں نے گلوبل وارمنگ روکنے کے لئے آلودگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔