شہر شہر
14 جنوری ، 2017

کراچی: طلبہ کو ہیروئین بیچنے والا منشیات فروش گرفتار

کراچی: طلبہ کو ہیروئین بیچنے والا منشیات فروش گرفتار

 

کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے نیپا چورنگی کے قریب کارروائی کر کے ایک ایسے منشیات فروش کو گرفتار کیا ہے، جو اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کو ہیروئن کا زہر بیچ کر موت کے منہ میں دھکیل رہا تھا۔

شیر خان نامی کوچی کیمپ، سہراب گوٹھ کے رہائشی کا کام ملک کے مستقبل کو تباہ کرنا اور ان کی رگوں میں ہیروئن کی صورت میں نشہ منتقل کرنا ہے۔

شیر خان موٹرسائیکل پر ہیروئن اور چرس لے کر نکلتا ہے، جس کا پہلا اسٹاپ گلشن اقبال ہوتا ہےپھر گلستان جوہر اور پھر وہ ڈیفنس کا رخ کرتا ہے ،جہاں اس کے مخصوص گاہک موبائل فون کے ذریعے اس سے رابطے میں رہتے ہیں۔

یہ گاہک کم عمر طبقہ یعنی اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات ہوتے ہیں، کئی کلومیٹر پر محیط اس سفر پر کسی اسنیپ چیکنگ کرنے والے قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اسے کبھی نہیں روکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقاتی کے مطابق ملزم دوپہر2 بجے موٹرسائیکل پر کوچی کیمپ سے نکلتا اور 5گھنٹوں میں روزانہ منشیات بیچ کر واپس بھی باآسانی پہنچ جاتا ہے، ملزم جہاں سے منشیات لیتا اور جن کو فروخت کرتا تھا، ان کی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

قوم کے معماروں میں منشیات کی لعنت پھیلانے والے ملزم کی گرفتاری جہاں ایک اچھی کارروائی ہے وہیں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ اسلام آباد کے بعد کراچی کے تعلیمی اداروں میں بھی طلبہ و طالبات اس گھناؤنی لت کا شکار ہوچکے ہیں،جس کے تدارک کی فوری ضرورت ہے۔

مزید خبریں :