29 جون ، 2012
کراچی… کراچی میں رینجرز اورپولیس کی کارروائیوں میں ایک مغوی کو بازیاب کرا کے 5 اغواکارگرفتارکرلیے گے، ایک ٹارگٹ کلر بھی پکڑاگیا۔ پولیس مقابلے میں مبینہ ڈکیت ہلاک ہو گیا جبکہ مختلف علاقوں سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ ذرائع کے مطابق لیاری کے علاقے سنگولین میں رات گئے رینجرز نے ٹارگیٹڈ آپریشن کر کے ایک روز قبل بلدیہ کے علاقے سے اغواء ہونے والے سرفراز نامی نوجوان کو بازیاب کرالیا۔ کارروائی کے دوارن لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 5 ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ بر آمد کرلیاگیا۔ پولیس کے مطابق شاہ فیصل کالونی پولیس نے ناتھا خان کے علاقے سے ساجد نامی شخص کو اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا۔ پولیس کادعویٰ ہے کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد کے قتل میں ملوث ہونے کااعتراف کیا ہے ۔ ملزم کو پریس کانفرنس کے ذریعے میڈیا کے سامنے لایا جائیگا۔ لیاقت آباد میں پولیس مقابلے میں مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق گلشن معمار کے علاقے سے ایک شخص کی بوری بند لاش ملی ہے۔ مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ گارڈن میں رامسوامی کے علاقے سے بھی ایک شخص کی لاش ملی ہے۔ مقتول کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔