29 جون ، 2012
اسلام آباد… حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایاہے کہ حج کرپشن کیس کی تحقیقات میں واپس نہ آنے والے پولیس آفیسر حسین اصغر کے خلاف کارروائی کیلئے مجاز آفیسر کی نامزدگی ہورہی ہے ،عدالت نے حسین اصغر کے بعد سے اس کیس کی تحقیقات میں ایف آئی اے سے پیشرفت کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے حج کرپشن کیس کی سماعت کی،عدالت نے پولیس آفیسر حسین اصغر کو گلگت بلتستان سے واپس ایف آئی اے میں آکرکیس کی تحقیقات میں شامل ہونے کا حکم دے رکھا ہے، جائنٹ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے عدالت کو بتایاکہ حسین اصغر نے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے، ان کے خلاف کارروائی کیلئے مجاز افسر مقرر کرنے کی سمری 27 جون کو وزیراعظم کو بھیجی گئی تھی،چیف جسٹس نے جائنٹ سیکریٹری کو کہاکہ سار سروس اسٹرکچر متاثر ہورہا ہے،حسین اصغر نہ آیا تو آپ کو ہی مسئلہ ہوگا، عدالت کو فرق نہیں پڑتا،بعد میں عدالت نے کیس میں پیشرفت پر ڈی جی ایف آئی اے سے 2 جولائی تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 3 جولائی تک ملتوی کردی۔