کاروبار
31 جنوری ، 2017

کراچی میں بھی نجی ٹیکسی سروس کے خلاف کارروائی

کراچی میں بھی نجی ٹیکسی سروس کے خلاف کارروائی

 

افضل ندیم ڈوگر...لاہور کے بعد کراچی میں بھی نجی ٹیکسی سروس کے خلاف کارروائی سامنے آرہی ہے اور کئی نوٹس دینے کے باوجود پراسرار طور پر خاموش نجی کمپنی کریم کا سروس ایپ بند کرنے کیلئے محکمے نے پی ٹی اے کو خط لاکھ دیا ہے۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ طحہ فاروقی کے مطابق کریم انتظامیہ کو ماضی قریب میں سرکاری کنٹرول میں لانے کے لئے 5 خط لکھے گئے ،انتظامیہ کو وارننگ بھی دی گئی مگر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کو کریم کمپنی کا سروس ایپ بند کرنے کے لئے خط لکھنے کے بعد کریم انتظامیہ نے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اوبر ٹیکسی سروس کو بھی سرکاری دائرہ کار میں لانے کیلئے اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ نجی ٹیکسی چلانے کیلئے متعلقہ گاڑی کو پرائیویٹ سے کمرشل کرنا ہوگا۔

مالکان کو بطور ٹیکسی چلانے کے لئے گاڑیوں کا متعلقہ سرکاری ادارے سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا اور ٹیکسی کیلئے گاڑی کا روٹ پرمٹ بھی بنوانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

طحہ فاروقی کے مطابق سرکاری شرائط پوری کرنے کی صورت میں حکومت کو ایسی سروسز پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :