31 جنوری ، 2017
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین عمر سیف کا کہنا ہے کہ حکومت نے اوبر، کریم اور اے ون ٹیکسی نیٹ ورک کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، انہیں بند کرنے کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔
چیئرمین پی آئی ٹی بی عمر سیف نے ارفع کریم ٹاور لاہور میں پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ اس معاملے پر حکومت نے کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، محکموں کے درمیان جاری کیے گئے لیٹرز پر عملدرآمد روک دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے غیر ملکی ٹیکسی کمپنیوں پر پابندی لگانے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، جلد ہی ان کمپنیوں کے لیے نیا ٹیکس سسٹم متعارف کر ا دیا جائے گا، کمپنیوں کی سروسز سے شہر میں رش کم ہونے کے ساتھ ساتھ لاء اینڈ آرڈر کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین پی آئی ٹی بی عمر سیف نے بتایا کہ یہ ٹیکسی سروسز ہماری معاونت سے ہی شروع ہوئیں، ٹیکسی سروس کوبند نہیں ریگولیٹ کیا جا رہا ہے،اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کمیٹی قائم کی جارہی ہے۔