29 جون ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ میں گذشتہ روز ہزارگنجی میں بس دھماکے میں جاں بحق گیارہ افراد کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا، تدفین کے موقع پر ماحول انتہائی سوگوار رہا اور رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ گذشتہ روز کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں زائرین کی بس پر بم حملے کے نتیجے میں تیرہ افرادجاں بحق جبکہ تیس زخمی ہوگئے تھے، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے سات افراد کی نماز جنازہ علمدار روڈ پر مقامی قبرستان جبکہ چار کی ہزارہ ٹاون قبرستان میں ادا کی گئی بعد میں انہیں وہیں سپردخاک کردیاگیا، تدفین کے موقع پر ماحول انتہائی سوگوار رہا اور رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، دوسری جانب ہزار گنجی واقعہ کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی اپیل پر کوئٹہ شہر میں شٹر ڈاون ہڑتال کی جارہی ہے۔ اس موقع پر شہر میں اہم کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں ، شہر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔