پاکستان
29 جون ، 2012

جامع کلاتھ مارکیٹ میں چھاپا مارنیوالے اہلکار بھتا خور ہیں، پولیس

جامع کلاتھ مارکیٹ میں چھاپا مارنیوالے اہلکار بھتا خور ہیں، پولیس

کراچی … کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع جامع کلاتھ مارکیٹ میں دکانداروں نے ایس آئی یو کے سادہ الباس اہلکاروں کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ ایس آئی یو حکام کے مطابق اہلکاروں نے ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا جبکہ ایس ایس پی ساوٴتھ کہتے ہیں کہ سادہ لباس اہلکار بھتہ مانگنے آئے تھے اور ان پر انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ایم اے جناح روڈ پر جامع کلاتھ مارکیٹ کے تاجروں نے جمعے کی شام پولیس موبائل میں آنے والے سادہ لباس اہلکاروں کو اس وقت پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جب انہوں نے ایک دکاندار کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، اس موقع پر تمام دکاندار جمع ہوگئے، سرکاری موبائل کی چابی نکال لی گئی جبکہ ایک ایس آئی یو اہلکار کو پکڑ کر اس کی سرکاری ایس ایم جی بھی قبضے میں لے لی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس اور ایس آئی یو کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور دکانداروں سے مذاکرات کے بعد دکانداروں کے قبضے سے سرکاری موبائل، سرکاری اسلحہ اور پکڑے جانے والے پولیس اہلکار کو آرام باغ تھانے منتقل کیا گیا۔ ایس ایس پی ایس آئی یو خرم وارث کے مطابق اہلکاروں نے ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔ عوامی احتجاج اور تاجروں کے دباوٴ پر ایس ایس پی ساوٴتھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچے اور تاجروں کے وفد سے ملاقات میں معلومات حاصل کیں۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی ساوٴتھ کاکہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ایس آئی یو اہلکار قصوروار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامع کلاتھ مارکیٹ میں چھاپا مارنے والے ایس آئی یو کے اہلکار بھتہ خور ہیں، ایک اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر 3 اہلکاروں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ یہ معمول ہے کہ سادہ لباس اہلکار آئے دن تاجروں کو بے بنیاد اٹھا کر لے جاتے ہیں اور پھر پیسے طلب کیے جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق پولیس کی ساکھ کوبہتر بنانے کیلئے ایسے واقعات کی روک تھام نہایت ضروری ہے۔

مزید خبریں :