08 فروری ، 2017
انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں، اب کھیل جمنے والا اور ،پی ایس ایل ٹو کا میلہ سجنے والا ہے، انٹرٹینمنٹ سے بھرپور پاکستان سپر لیگ کا کل سے آغاز ہورہا ہے۔
پہلے رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوگی، جس میں علی ظفر کے گانوں سے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم گونجے گا۔
شہزاد رائے بھی شائقین کے دل گرمائیں گے،خوب دھوم مچائیں گے،جمیکن اسٹار شہگی کا بھی سب کو انتظارہے، جن کے گانوں کے ساتھ پاکستانی ہی نہیں ویسٹ انڈین کھلاڑی بھی جوش میں آجائیں گے۔
افتتاحی تقریب کے بعد پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ سے 27 دن جاری رہنے والی پاکستان سپر لیگ کا آغاز ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کل رات 8 بجے ہوگی، پاکستانی سنگر سمیت جمیکا کے نامور گلوکار شیگی خصوصی طور پر پرفارم کریں گے۔
تقریب کو چار چاند لگانے کیلئے دبئی میں چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی، رمیز راجہ اور معروف گلوکاروں شہزاد رائے، علی ظفر اور شیگی نے پریس کانفرنس کی۔
پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ علی ظفر افتتاحی تقریب میں گانا گائیں گے، ’اب کھیل جمے گا‘، پی ایس ایل ٹو کی افتتاحی تقریب ایک سرپرائز ہو گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پچھلے سال کے مقابلے میں اس مرتبہ افتتاحی تقریب پر وقار انداز میں اور یاد گار ہو گی،جس میں چاروں صوبوں کی ثقافت پیش کی جائے گی اور فائر ورکس کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم رمیز راجا کہتے ہیں کہ اُمید ہے کہ پی ایس ایل ٹو میں سنسنی خیز مقابلے ہوں گے، غیر ملکی کھلاڑی بھی پی ایس ایل کے بارے میں پر جوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہترین ٹورنامنٹ زیادہ وکٹیں لینے والے کو میرون اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے کو گرین کیپ دی جائیں گی۔
جمیکن سنگر شیگی نے کہا کہ فینز کو تفریح فراہم کرنے کیلئے بے تاب ہوں۔
شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سے ہم سب اکھٹے ہورہے ہیں ۔
گلوکار علی ظفر کا کہنا تھا کہ افتتاحی تقریب میں فنکاروں کی پرفارمنس لوگ مدتوں یاد رکھیں گے، مجھے خوشی ہے کہ پی ایس ایل کے لیے گانا گانے کا موقع دیا گیا،ہم سب مل کر کھیل جمائیں گے۔