29 جون ، 2012
کولمبو … پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل سے کولمبو میں شروع ہو گا، ٹیم میں کپتان مصباح الحق کی واپسی ہو گی جبکہ محمد سمیع کی ڈیڑھ سال بعد ٹیسٹ میں واپسی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق دوسرے ٹیسٹ کیلئے عمر گل کی جگہ محمد سمیع کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ پابندی کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ مس کرنیوالے مصباح الحق محمد ایوب ڈوگر کی جگہ لیں گے۔ ٹیم مینجمنٹ نے جس 12 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا ہے اس میں توفیق عمر، محمد حفیظ ، اظہر علی، اسد شفیق، یونس خان ، مصباح الحق، عدنان اکمل، عبدالرحمن، سعید اجمل، اعزاز چیمہ ، محمد سمیع اور جنید خان شامل ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ صرف پاکستان کی بیٹنگ مسئلہ نہیں بولنگ میں بھی بہتری لانا ہو گی۔ دوسری جانب سری لنکن کپتان جے وردھنے کا کہنا ہے کہ وہ ماضی جیسا بولنگ اٹیک بنانا چاہتے ہیں جیسا مرلی اور چمندا واس کی صورت میں تھا۔ گال ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے والی ہوم ٹیم کو سیریز میں ایک۔ صفر کی برتری حاصل ہے۔