پاکستان
29 جون ، 2012

پشاور ہائیکورٹ غیر قانونی کمرشل پلازوں کا نوٹس لے، ظفر اللہ خٹک

پشاور … پاکستان تحریک انصاف پشاورکے ضلعی رہنما ظفر اللہ خٹک نے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے مطالبہ کیاہے کہ وہ فقیرآباد کے ر ہائشی علاقے میں غیرقانونی کمرشل پلازوں کی تعمیرکا نوٹس لیں اور اہل علاقہ کو اذیت سے نجات دلائیں۔ وہ پشاورمیں تحریک انصاف کے رہنماوٴں اور فقیر آباد کے رہائشیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ان کا کہناتھا کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود فقیرآباد کے رہائشی علاقوں میں درجنوں غیرقانونی پلازے تعمیرکئے گئے ہیں اوران پلازوں میں ہاسٹلز، کالجز اور دوسرے کمرشل تعلیمی ادارے قائم کئے گئے ہیں، جس سے رہائشی علاقے کمرشل سرگرمیوں کا مرکزبن چکے ہیں حالانکہ ہائیکورٹ پہلے ہی رہائشی علاقے میں کمرشل سرگرمیوں پرپابندی عائد کرچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئے روز مسائل جنم لیتے رہتے ہیں، ایسے ہی ایک واقعے میں ایک ادارے میں گولی چلنے سے ایک طالبعلم بری طرح زخمی ہوا۔ انہوں نے حکومت،پشاورانتظامیہ اورپشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے صورتحال کا نوٹس لیکراہل علاقہ کو اس مشکل سے نجات دلانے کا مطالبہ کیا۔

مزید خبریں :