کھیل
10 فروری ، 2017

چار ٹیسٹ سیریز میں ڈبل سنچریوں کاریکارڈ کوہلی کے نام

چار ٹیسٹ سیریز میں ڈبل سنچریوں کاریکارڈ کوہلی کے نام

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین ویراٹ کوہلی نے حیدرآباد میں بنگلادیش کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری اسکور کرکے سرڈان بریڈمین اور راہول ڈریوڈ کا مشترکہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

ویراٹ کوہلی نے اپنی شاندار پرفارمنس کا سلسلہ بنگلا دیش کے خلاف بھی جاری رکھا ،وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں لگاتار 4 ٹیسٹ سیریز میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلےکرکٹر بن گئے ہیں۔

اس سے قبل عظیم آسٹریلوی بیٹسمین سر ڈان بریڈ مین اور بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ نے لگاتار 3 ٹیسٹ سیریز میں 3 ڈبل سنچریاں بنائی تھیں ۔

بنگلادیش کے خلاف شاندار اننگز کھیلنے والے ویراٹ کوہلی کی بطور کپتان یہ چوتھی ڈبل سنچری ہے،اب وہ بطور کپتان ڈبل سنچریاں بنانے والے سرڈان بریڈمین، کلارک اور گریم سمتھ کے ہم پلہ ہو گئے، بطور کپتان زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز برائن لارا کے پاس ہے جنہوں نے پانچ ڈبل سنچریاں بنا رکھی ہیں۔

کوہلی نے گزشتہ سال کے آغاز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنائی اور اس کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں اندور کے مقام پر انہوں نے مشکل وقت میں عمدہ باری کھیلتے ہوئے 211 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کے خلاف بھی بھارتی کپتان بہترین فارم میں نظر آئے اور سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں کیریئر کی سب سے بڑی 235 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی،جب بنگلہ دیش کی ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کھیلنے بھارت پہنچی تو کوہلی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 204 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور لگاتار 4 سیریز میں ڈبل سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔

ان کی اس خوبصورت اننگز میں 24 چوکے شامل تھے۔بھارت نے دوسرے دن 687رنز پر اننگز ڈیکلیئر کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کا موقع دیا۔

مزید خبریں :