خصوصی رپورٹس
12 فروری ، 2017

سابق وزیرتعلیم سندھ ڈاکٹر حمیدہ کھوڑوانتقال کرگئیں

سابق وزیرتعلیم سندھ ڈاکٹر حمیدہ کھوڑوانتقال کرگئیں

سابق وزیرتعلیم سندھ ڈاکٹر حمیدہ کھوڑو علالت کے باعث انتقال کرگئیں، نماز جنازہ آج بعد نماز عصر کراچی میں ادا کی جائےگی ، حمیدہ کھوڑو نے یونیورسٹی آف لندن سے جنوبی ایشیا کی تاریخ پر پی ایچ ڈی کیا تھا۔

حمیدہ کھوڑو کراچی میں آج صبح مختصر علالت کے بعد 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ حمیدہ کھوڑو ایک سیاستداں، ادیب، پروفیسر اور تاریخ داں تھیں۔ وہ دو بار سندھ کی وزیر تعلیم بھی مقرر ہوئیں۔

وہ سابق وزیراعلیٰ سندھ محمد ایوب کھوڑو کی صاحبزادی اور سندھ کےسینئر وزیر نثار کھوڑو کی قریبی رشتےدار بھی تھیں۔

حمیدہ کھوڑو نے لندن یونیورسٹی سے جنوبی ایشیائی تاریخ میں پی ایچ ڈی کیا جبکہ مزید تعلیم حاصل کرنے کےلیے انہوں نے کیمبرج اور آکسفورڈ کی یونیورسٹیوں کا بھی رخ کیا۔ تعلیمی مؤرخ بننے سے قبل انہوں نے سندھ اور آکسفورڈ یونیورسٹی میں ایک پروفیسر کے طور پر پڑھایا بھی تھا۔

حمیدہ کھوڑو نے سیاست اور لکھنے پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے سندھ یونیوسٹی کو خیرباد کہا۔ انہوں نے 1987 میں سندھ نیشنل الائنس میں شمولیت اختیار کی، بعد ازاں 1993 میں پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہوگئیں۔ وہ 2004 میں مسلم لیگ ن کی جانب سے رکن اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔

کراچی کے علاقے کلفٹن میں ان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔ جس کے بعد انہیں لاڑکانہ میں ان کے آبائی گاؤں عاقل کے قبرستان میں سپردخاک کیا جائےگا۔

حمیدہ کھوڑو کی تدفین میں صوبائی وزرا، ضلعی انتظامیہ اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔

 

 

مزید خبریں :