خصوصی رپورٹس
13 فروری ، 2017

کراچی: کراس کنٹری رننگ چیمپئن شپ عوام کی دلچسپی کا مرکز

کراچی: کراس کنٹری رننگ چیمپئن شپ عوام کی دلچسپی کا مرکز


پاکستان سمیت دنیا بھر میں کھیل کے میدانوں میں ویرانیاں ڈیرے ڈالتی جارہی ہیں جس کی بڑی وجہ موبائل ، ویڈیو ،ٹی وی اور دیگر اسی نوعیت کے انڈور گیمز میں بچوں کا دگنی رفتار سے دلچسپی لینا ہے ۔ اس کابرا اثر نوجوانوں کی جسمانی چستی ، پھرتی اور توانائی پر پڑرہا ہے ۔

ایسے میں اگر کوئی ادارہ یا تنظیم نوجوانوں کے لئے کسی آؤٹ ڈور یا کھیل کے میدان میں سرگرمی کا انعقاد کرتی ہے تو یہ کسی بڑے فلاحی کام کے مساوی اور خدمت انسانی ہے ۔

’سندھ ٹریک اینڈ فیلڈ کلب ‘نے اسی سوچ کے ساتھ ’پاکستان اسپورٹس بورڈ‘ کے اشتراک سے نیشنل اسپورٹس ٹریننگ اینڈ کوچنگ سینٹر میںشہر بھر کے گیارہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لئے ایک منفرد نوعیت کی ’کراس رننگ چیمپئن شپ ‘کا انعقاد کیا جس کا نام تھا ’کراچی کراس کنٹری چیمپئن شپ ‘۔

کراس کنٹری رننگ منفرد انداز کا کھیل ہے ۔ اس کے لئے900میٹر کا ایک خصوصی آؤٹ ڈور ٹریک تیار کیا گیا ۔مقابلے کے دوران شرکا کو باری باری دو، تین یا پانچ لیپس کی دوڑ میں حصہ لینا تھا ۔

ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم مختلف عمر اور کیٹیگریز سے تعلق رکھنے والے لڑکوں اور لڑکیوں  میں تقسیم کی گئی۔ کھیل میں پیشہ ورانہ افراد کے ساتھ ساتھ تربیت یافتہ ایتھیلٹس، بزرگوں اور فیملیز نےجوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔

اپنی نوعیت کا یہ پہلا ایونٹ تھا جس کے ذریعے نہ صرف مختلف عمر کے افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھ کر انجوائے کرنے کا موقع ملا بلکہ خاندان کے دیگر افراد کو بھی اس میں شرکت کا بھرپور موقع ملا۔

مقابلوں میں پاکستان آرمی اسکول سمیت گیارہ تعلیمی اداروں نے حصہ لیا۔ جبکہ کچھ دیگر ادارے بھی شریک ہوئے۔

حالیہ برسوں کے دوران سندھ ٹریک اینڈ فیلڈ کلب اس نوعیت کے چھ ایونٹ منعقد کراچکا ہے۔

 

 

 

مزید خبریں :