13 فروری ، 2017
پاکستان سپر لیگ سے معطل کیے گئے کرکٹر خالد لطیف نے قانونی صلاح و مشورے شروع کردئیے ہیں۔
خالد لطیف آج صبح وکیل سے ملاقات کیلئے گھرسے نکلے تو میڈیا نے انہیں گھیرلیا اور سوالات کی بوچھاڑ کردی۔
اس موقع پر کرکٹر خالد لطیف نے میڈیا سے بات چیت سے گریز کیا تاہم انہوں نے کہا کہ خدا گواہ ہے میں نے کبھی کچھ غلط نہیں کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران بک میکرز مافیا کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز سے رابطے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرکے وطن واپس بھیج دیا تھا۔
دونوں کو شو کاز نوٹس دے کر سات میں وضاحت طلب کی گئی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ یہ بتانے کو تیار نہیں ہے کہ انہیں چارج شیٹ کن الزامات کے تحت دی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کرکٹرز کی معطلی کے بعد شاہ زیب حسن، ذوالفقار بابر اور محمد عرفان سے بھی پوچھ گچھ کی تھی۔ محمد عرفان پوچھ گچھ کے بعد ہفتے کے روز لاہور قلندر کے خلاف میچ نہیں کھیلے تھے تاہم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ میچ کھیلنے کے لئے ذہنی طور پر تیار نہیں تھے۔