16 فروری ، 2017
پاکستان سپرلیگ فائنل لاہور میں کرانے کے حوالے سے پی سی بی کو ایک حوصلہ افزا خط انگلش بورڈ کے صدر اور پاکستان ٹاسک ٹیم کے سربراہ جائلز کلارک کا ملا ہے جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان دشمن قوتوں کو شکست دینےکے لئےلاہور میں فائنل ضرور ہونا چاہیے۔
جنگ کو جائلز کلارک کی ای میل کے کچھ حصے باخبر ذرائع سے ملے ہیں جس میں انہوں نے لاہور سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور پی سی بی سے کہا کہ وہ فائنل لاہور میں کرانے کے لئے ثابت قدم رہے۔ آئی سی سی کے سیکیورٹی ماہرین ہر صورت میں پاکستان آئیں گے۔ جائلز کلارک نے پی ایس ایل چیئر مین نجم سیٹھی سے کہا ہے کہ لاہور میں جو کچھ ہوا اس سے دکھ ہے لیکن اگر فائنل نہ ہوا تو پھر دہشت گردوں کے عزائم مضبوط ہوں گے۔
پاکستان اس وقت دہشت گردی کی زد میں ہے۔ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے غیر ملکی کرکٹرز کو بھی پاکستان کی مدد کرنا ہوگی مجھے امید ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی لاہور آئیں گے۔ دریں اثناء بدھ کو دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں پی ایس ایل حکام نے انہیں بریف کیا کہ کون کون سے غیر ملکی کرکٹرز لاہور آنا چاہتے ہیں اور کن کھلاڑیوں پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
پی سی بی نے فائنل کے لئے ہوم ورک شروع کردیا ہے۔ نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ25 فروری کا ڈرافٹ بہت اہم ہے لیکن آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا فائنل سے حوالے سے بیان حوصلہ افزا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پانچوں فرنچائزز کے مالکان کو بھی اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کو قائل کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔
25 فروری کو نیا ڈرافٹ کریں گے جو لوگ کہیں گے کہ وہ تیار ہیں تو ٹھیک ہے اور جو لوگ کہیں گے کہ ہم کھیلنے کو تیار نہیں ہیں تو دنیا میں اور بہت سے کھلاڑی ہیں جن سے ہم رابطے میں ہیں تاکہ ہم انھیں متبادل کے طور پر لے سکیں۔ یاد رہے کہ جائلز کلارک نے دو ہفتے پہلے آئی سی سی کے سیکیورٹی ماہر کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور آئی سی سی اجلاس میں اس کی بہت اچھی رپورٹ دی تھی۔
2003 سے لاہور میں غیر ملکی ٹیموں کی سیکیورٹی پر مامور کیپٹن مبین لاہور سانحے میں شہید ہوگئے۔ انہوں نے جائلز کلارک کو لاہور میں سیکیورٹی فراہم کی تھی۔