کاروبار
08 مارچ ، 2017

سوئٹزرلینڈ پاکستان کی شرائط پرمعاہدہ کرنے پر رضامند

سوئٹزرلینڈ پاکستان کی شرائط پرمعاہدہ کرنے پر رضامند

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نےکہا ہےکہ سوئٹزرلینڈ نےہماری شرائط پرمعاہدہ کرنے پر رضامندی ظاہرکردی ہے، پاکستانیوں کی چھپائی گئی دولت سے متعلق معلومات مل سکیں گی ، معلومات کے تبادلے کے معاہدے پر21 مارچ کو دستخط کریں گے۔

وزیر خزانہ نے اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیانات سامنے آئے ہیں کہ سوئٹزرلینڈ میں پاکستانیوں کے 80 سے 200 ارب ڈالرزموجود ہیں۔ سوئٹزرلینڈ نےپاکستانیوں کی چھپائی گئی دولت کی معلومات کے لیےمشروط رضامندی ظاہرکی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ نے شرط رکھی تھی کہ ٹیکسوں میں5 فیصد کمی کی جائے،سوئٹزرلینڈ نے موسٹ فیورڈ نیشن کا درجہ بھی مانگا تھا، طلباء کے ٹیکس کی شرح کم کرنے کی بھی شرط رکھی تھی۔پاکستانی ٹیم نے مذاکرات میں سوئٹزرلینڈ سے کہا کہ کوئی شرط نہیں مانیں گے،آخرکار سوئٹزلینڈ نے ہماری شرائط پرمعاہدہ کرنے پر رضامندی ظاہرکردی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سوئس حکومت نے معاہدہ کرنے کے لیے2مارچ کو مجھے خط بھیجا تھا،یہ معاہدہ ہمارے لئے اہم کامیابی ہے ۔پاکستان نے او ای سی ڈی کے ملٹی لیٹرل کنونشن آن ٹیکس میٹرز کی رکنیت حاصل کر لی ہے۔ اس رکنیت سے دنیا کے 104 ممالک کے ساتھ ٹیکس معلومات کا تبادلہ ممکن ہو سکے گا۔ جنوری 2018 سے معلومات کا تبادلہ شروع ہو جائے گا۔

مزید خبریں :