پاکستان
02 جولائی ، 2012

سندھ اور بلوچستان میں تیز ہواوٴں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان

سندھ اور بلوچستان میں تیز ہواوٴں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان

اسلام آباد … ملک بھر میں جاری شدید گرمی میں اگلے 48 گھنٹوں کے بعد کمی آنا شروع ہوجائے گی، سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی تیز ہواوٴں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی و وسطی پنجاب، جنوبی خیبرپختونخوا اور مشرقی بلوچستان میں جاری شدید گرمی کی لہر مزید 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، اگلے 2 روز تک ان علاقوں میں کہیں بھی بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم 2روز کے بعد گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوگی۔ پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے، شدید گرمی کے باعث شمالی و مشرقی بلوچستان کے علاوہ سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں معمولات زندگی شدید متاثر رہے، نورپورتھل 48 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین علاقہ رہا، بہاولنگر، بنوں اور تربت میں 47 جبکہ فیصل آباد میں درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور، ملتان اور مظفرآباد میں 44، گلگت میں 41، کوئٹہ میں 38 جبکہ مری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سینٹی گریڈ رہا۔

مزید خبریں :