31 مارچ ، 2017
سہیل عمران...اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شاہ زیب حسن نےچارج شیٹ کا جواب جمع کرا دیا، پی سی بی کے ذرائع کے مطابق پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ شاہ زیب حسن کےجواب کاجائزہ لے گا۔
اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل انٹرنیشنل کرکٹر شاہ زیب حسن نے جمعے کو پی سی بی ہیڈ کوارٹر جاکر چارج شیٹ کا تحریری جواب جمع کرا دیا، جس میں ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں کچھ نہیں چھپایا، نہ ہی کسی اور کھلاڑی کواُکسایا،انہیں دھمکیاں مل رہی تھیں، فیملی کو خطرہ تھا، اس لیے بتانے میں دیر ہوئی۔
شاہ زیب کے قریبی ذرائع کہتے ہیں کہ کرکٹر نے وہی مؤقف دہرایا جو وہ پوچھ گچھ کے دوران دے چکے تھے یعنی تحقیقات میں کچھ نہیں چھپایا، نہ ہی کسی اور کھلاڑی کو فکسنگ پر اُکسایا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق شاہ زیب کے جواب کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب نمائندہ ’جیونیوز‘ آصف بشیر چوہدری کے مطابق اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے ایف آئی اے نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیرداخلہ کو پیش کردی۔
وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ ایف آئی اےاورپی سی بی نےمل کربنائی ہے۔