پاکستان
08 اپریل ، 2017

کراچی ، صومالیہ کے اعزازی قونصلیٹ میں ڈکیتی

کراچی میں سیکورٹی کے حوالے سے ریڈ زون، کلفٹن میں بلاول ہاؤس کے قریب واقع صومالیہ کے اعزازی قونصلیٹ کو مسلح ملزمان نے لوٹ لیا۔

قونصلیٹ کے چیف پروٹوکول افسر امداد شاہ نے بتایا کہ سات مسلح ملزمان رات تقریباً تین بجے کلفٹن بلاک پانچ میں بلاول ہاؤس کے قریب واقع صومالیہ کے اعزازی قونصلیٹ آفس میں داخل ہوئے اور دو سیکورٹی گارڈز کو گن پوائنٹ پر لے لیا اور رات کی ڈیوٹی پر عمارت میں موجود دو دیگر افراد کو بھی یرغمال بنایا اور لگ بھگ تین گھنٹے تک قونصلیٹ میں موجود رہے۔

اس دوران ہر سیکشن کی تلاشی لی، خاص طور پر وہ جگہیں جہاں تالے لگے ہوئے تھے اُنہیں توڑا۔ اعزازی قونصل جنرل صومالیہ سیف الرحمٰن نے بتایا کہ ملزمان نے قونصلیٹ کے ریگولیٹری سیکشن کی تلاشی لی جہاں کی ایک ایک فائل کھول کر دیکھی اور اس میں سے مبینہ طور پر اہم دستاویزات بھی غائب ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ ملزمان نے فنانس ڈپارٹمنٹ کی بھی تلاشی لی، اہم دستاویزات کے غائب ہونے سے متعلق بعد میں تفصیلات مرتب کی جائیں گی۔

اُنہوں نے بتایا کہ قونصلیٹ کے سرور روم کی بھی تلاشی لی اور عمارت کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی ملزمان اپنے ساتھ لے گئے۔

چیف پروٹوکول آفیسر امداد شاہ کے مطابق ملزمان نے پرسکون انداز میں واردات کی۔ اُنہوں نے قونصلیٹ میں چائے اور جوس بھی نوش کیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ ملزمان مجموعی طور پر اسٹاف کے چار لیپ ٹاپ، چار ایل سی ڈیز، متعدد موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے۔

مزید خبریں :