04 جولائی ، 2012
لاہور… لاہور کے علاقے شاہدرہ سے تاوان کیلئے اغوا کئے گئے 16 سالہ لڑکے کو اغواء کاروں نے مار ڈالا، مغوی کی لاش راوی کنارے ملی، ورثاء نے بہیمانہ واردات کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ 16 سالہ عمر کو 3 روز قبل سعید پارک شاہدرہ سے اغوا کیا گیا تھا، ملزموں نے اغواء کے بعد اس کے گھر والوں سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا، بیٹے کی جدائی میں تڑپتے والدین نے 12 لاکھ روپے ادا بھی کر دیئے، لیکن اغواء کاروں نے مغوی کو قتل کر کے لاش دریائے راوی کے کنارے پھینک دی۔ عمر کے بہیمانہ قتل پر گھر والوں اور رشتہ داروں نے لاش راوی ٹول پلازہ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی اس دوران جی ٹی روڈ پر دونوں اطراف ٹریفک جام ہوگئی۔ مقتول کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ وہ پولیس کو اغواء کاروں کی گفتگو سے آگاہ کرتے رہے مگر پولیس کا ہر بار یہی کہنا تھا کہ اغواء کاروں سے بات چیت جاری رکھو۔