پاکستان
04 جولائی ، 2012

نیٹو سپلائی،حکمرانوں نے غلامی کی دستاویز پر دستخط کردیئے، منور حسن

نیٹو سپلائی،حکمرانوں نے غلامی کی دستاویز پر دستخط کردیئے، منور حسن

لاہور … امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے نیٹو سپلائی کھولنے پر پاکستانی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ حکمرانوں نے غلامی کی دستاویز پر دستخط کر دیئے ہیں، سید منورحسن نے کنٹینرز کے ڈرائیوروں سے بھی اپیل کی کہ وہ حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے کنٹینر چلانے سے انکار کر دیں۔ منصورہ سے جاری اپنے بیان میں سید منور حسن نے کہاکہ حکومت نے نیٹو سپلائی بحال کر کے امریکی غلام ہونے پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے اور اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کے ہاتھ مضبوط کیے ہیں اب قوم کو اپنا وجود برقرار رکھنے اور پاکستان کے جوہری اثاثوں کے تحفظ کیلئے باہر نکلنا ہوگا، نیٹو سپلائی بحال کر کے حکومت نے اپنی موت کے پروانے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات اور پارلیمنٹ کی قرار داد میں نیٹو سپلائی کھولنے کیلئے پیش کی گئی 2 بڑی شرائط میں ڈرون حملے ختم کرنے اور سلالہ چیک پوسٹ حملے پر معافی شامل تھیں، امریکی وزیرخارجہ کی طرف سے معافی لیپاپوتی کے سوا کچھ نہیں اور ڈرون حملے بند کرنے کاذکر تک نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو امریکی مفادات کا اتنازیادہ خیال ہے کہ 5 ہزار ڈالر فی کنٹینر کے مطالبے سے بھی دستبردار ہو گئے ہیں۔ سید منور حسن نے کہاکہ حکمرانوں نے ڈرون حملے بند کرنے کی شرط پر خاموشی اختیار کر کے عملاً امریکا کو قبائلی عوام کے قتل کا کھلا لائسنس دیدیاہے، معصوم پاکستانیوں کے قتل کے ذمہ دار حکمران ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے تو آزادی و خود مختاری ڈالروں کے عوض امریکا کو فروخت کر دی، عوام متحد ہو کر اس ملک دشمن فیصلے کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں اور سپلائی کے تمام راستے بند کردیں۔

مزید خبریں :