پاکستان
08 اپریل ، 2017

دشمن چاہتاہے ہم میں نا اتفاقی اور دشمنی پیدا ہو: امام کعبہ

دشمن چاہتاہے ہم میں نا اتفاقی اور دشمنی پیدا ہو: امام کعبہ

امام کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم نے کہاہے دشمن چاہتاہے کہ ہم میں نا اتفاقی اور دشمنی پیدا ہو، لیکن ہمیں متحد رہنا ہے، دہشت گردی کا شکار مسلمان ملک بن رہےہیں،پاکستان اورسعودی عرب نے دہشت گردی سے نجات دلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

امام کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم نے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز مغرب کی امامت کرائی، پاکستان کی ترقی وخوشحالی، امت مسلمہ کی خود مختاری اور سلامتی کے لیے دعا کراتےہوئے ان کا کہنا تھا اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقے میں نہ پڑو، ہر قسم کی فرقہ واریت اور دہشت گردی سے دور رہیں۔

امام کعبہ نے کہا کہ مقدس مقامات کی حفاظت کرنا سب مسلمانوں کی ذمہ داری ہے، دفاع حرمین الشریفین کے لیے مرمٹنا اولین مقصد ہونا چاہیے۔

امام کعبہ کی آمد کی اطلاع پر راول پنڈی اسلام آباد کے شہریوں کی بڑی تعداد نے فیصل مسجد کا رخ کیا ، اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔

شیخ صالح بن ابراہیم نے اس سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد میں نماز عصر کی امامت کی، اس کے بعد امام کعبہ نے ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات بھی کی ۔

مزید خبریں :