04 جولائی ، 2012
لاہور … پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کھولنے کا فیصلہ پارلیمنٹ کی قرار دادوں کی نفی ہے ، پاکستان دوبارہ اسی جنگ میں الجھ جائے گا جسے دنیا میں کہیں پذیرائی حاصل نہیں۔ لاہور میں تحریک انصاف کے مرکزی دفترمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ نے سلالہ حملے پر پاکستان سے معافی نہیں مانگی صرف افسوس کا اظہا رکیا، افغانستان میں مزید جنگ کیلئے نیٹو سپلائی بحال نہیں کی جانی چاہئے تھی،اس سے پاکستان کو کچھ ڈالروں کے سوا اورکچھ نہیں ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمنٹ نے جیبیں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کیا ، اس کے ارکان کو فوری مستعفی ہو جانا چاہئے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو ملک میں ہونا چاہئے تھا مگر ایسے موقعوں پر وہ اور مولانا فضل الرحمان غائب ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحالی کا فیصلہ آرمی چیف نے کیا ہے، تاہم ملک میں جمہوریت نہ ہوتی تو پھر جنرل کیانی سے سوال کرتے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سونامی مارچ کا وقت قریب آتا جارہا ہے۔