10 اپریل ، 2017
وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا عزم ہے کہ کم سے کم وقت میں لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جائے۔
وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیرصدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں حکام وزارت پانی وبجلی نے انہیں بتایا کہ دسمبر 2017ء تک 5710 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائےگی، جبکہ جون 2018ء تک 8000 میگاوواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔
اجلاس میں کابینہ کی توانائی کمیٹی نے آر ایل این جی کے نئے کنکشن جاری کرنے کی منظوری دے دی اورفیصلہ کیا گیا کہ گیس کےنئے کنکشنز گھریلو، صنعتی اور کمرشل صارفین کو جاری کئےجائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سب لوڈشیڈنگ فری پاکستان کے لیے کوشاں ہیں،بجلی پیداوارکے موجودہ منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعظم نے ہدایات دیں کہ توانائی کمیٹی کے فیصلے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں توثیق کیلئے پیش کیے جائیں، بجلی پیداوار کے موجودہ منصوبوں کو بغیر تاخیر کے بروقت مکمل کیا جائے، بجلی پیداوار کےمنصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نا کیا جائے۔