04 جولائی ، 2012
لاہور … پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ ٹی 20 کے کپتان کا جو فیصلہ ہوچکا وہ ہو چکا، اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا ئے گی، مصباح الحق کو ٹیم میں دوبارہ شامل کرنے اور کپتان بنانے کی باتیں سنی سنائی ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے ذکاء اشرف نے کہا کہ شاہد آفریدی نے وطن واپسی پر کپتانی کے حوالے سے جو باتیں کیں وہ قابل اعتراض نہیں ہیں، کامران اکمل کا معاملہ انٹگریٹی کمیٹی کے پاس ہے فیصلہ آنے کے بعد اس بارے میں بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اجلاس کے موقع پر تمام بورڈز کے ساتھ اچھی میٹنگز ہوئیں۔ سری نواسن کا کہنا تھا کہ وہ مصروفیت کی وجہ سے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے اپنے بورڈ سے بات نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامرکی کونسلنگ آئی سی سی کے ہی کہنے پر ہو رہی ہے لیکن اسے ٹیم میں شامل کرنے کا کوئی گرین سگنل نہیں ملا۔ ذکاء اشرف نے کہا کہ سیالکوٹ اسٹالینز چیمپئینز لیگ میں حصہ لے گی اور امید ہے کہ وہ وہاں بھی اچھا پرفارم کرے گی۔ دوسری جانب قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے پاکستان ٹیم کے 30 کھلاڑیوں اور انڈر 19 ورلڈ کپ کیلئے حتمی ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام بورڈ کو دے دیئے ہیں، 30 کھلاڑیوں کی فہرست میں مصباح الحق کا نام شامل نہیں ہے ۔