کاروبار
15 اپریل ، 2017

ملتان: 3روزہ ’بلیو فیئر‘ نمائش کا انعقاد

ملتان: 3روزہ ’بلیو فیئر‘ نمائش کا انعقاد

ملتان میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشترک سے تین روزہ ’بلیو فیئر‘ نمائش منعقد ہوئی۔

نمائش کا مقصد کاروباری خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کی تشہیر اور ان کا خریداروں سے رابطہ کروانا ہے۔

’بلیو فیئر‘ کے نام سے منعقد ہونے والی پانچویں نمائش میں پاکستان بھر سے آئی ہوئی درجنوں کاروباری خواتین نے مصنوعات رکھی ہیں، ان میں ہاتھ کی نفیس کڑھائی کے ملبوسات، دلکش مصنوعی زیورات، خوب صورت بیڈ شیٹس، فلور کشنز اور سجاوٹ کی دیگر اشیاء شامل ہیں۔

تمام اشیاء بہت دلکش اور دلفریب ہیں، جنہیں دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ انہیں انسانی ہاتھوں نے بنایا ہے، نمائش میں آئے ہوئے ایک انویسٹر نے کہا کہ ’’میرے خیال میں اگر ہم ان اشیاء کو یورپ، امریکا اور ایشیائی ممالک میں ایکسپورٹ کریں تو وہاں بہت پزیرائی ملے گی‘‘۔

نمائش میں شامل خواتین کا کہنا تھا کہ ان کی مصنوعات کو لوگ پسند کر رہے ہیں اور اس کے انعقاد سے ان کے کاروبار پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ تمام کاروباری معاملات خواتین کی طرف سے چلائے جا رہے ہیں، یہی اس نمائش کو منعقد کرنے کا مقصد تھا اور ہم نے ایک چھت تلے تمام کاروباری خواتین کو اکٹھا کر لیا ہے، پچھلے سال 72 اسٹالز تھے جبکہ اس سال 96 لگے ہیں اور یہی اس نمائش کی کامیابی ہے۔

نمائش میں کوئٹہ سے آئی ہوئی ایک خاتون نے کہا کہ ’’ کوئٹہ سے تعلق ہونے کے باوجود میرا اسٹاک اور یونٹس کراچی میں ہیں، یہ نمائش زبردست ہے جہاں کافی سیل ہو ئی اور مزید آرڈر بھی ملے ہیں‘‘۔

نمائش میں مختلف اسٹالز پر رکھی گئی مصنوعات خواتین کی تخلیقی صلاحتیں کا منہ بولتا ثبوت اور اس بات کی غمازی کر رہی ہیں کہ ہنر مند خواتین اب اپنی پہچان بنا رہی ہیں اور انہیں خودمختار ہوتا دیکھ کر یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ اب پاکستانی خواتین پہلے سے زیادہ مضبوط، باہمت اور معاشی طور پر مستحکم ہو رہی ہیں۔

مزید خبریں :