05 جولائی ، 2012
کراچی… سات ماہ سے زائد عرصے تک معطل رہنے والی نیٹو سپلائی بالآخر بحال ہوگئی ہے ۔ کراچی، مظفرگڑھ،پنڈی سے نیٹو کنٹینرز افغانستان روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ نیٹو سامان لے کر افغانستان جانے والے کنٹینرز آج سے پھر سڑکوں پر رواں دواں ہیں ،، آج دن بھر میں تقریبا ایک سو پینتیس کنٹینرز پورٹ قاسم کراچی سے روانہ ہوں گے جن کیلئے سیکیورٹی انتظامات معمول کے مطابق ہیں۔ دوسری طرف چمن بارڈر پر روانگی کے لیے تیار کھڑے کنٹینرز کی روانگی سے پہلے کاغذی اور دستاویزی کارروائی مکمل کی گئی۔ ان کی روانگی ایف سی اور کسٹم حکام کی کلیئرنس سے مشروط ہے ۔ ادھر اپوزیشن کو نیٹو سپلائی کی اسطرح بحالی قبول نہیں ، لندن میں ن لیگ کے صدر میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ سپلائی کھولنے پر مشاورت نہیں کی گئی ، جبکہ امریکا نے پاکستان سے باضابطہ معافی بھی نہیں مانگی۔ عمران خان کہتے ہیں کہ سپلائی کھولنے کا فیصلہ پارلیمنٹ کی قراردادوں کی نفی ہے ، جبکہ دفاع پاکستان کونسل نے آٹھ جولائی کو لانگ مارچ کا اعلا ن بھی کردیا ہے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی پارلیمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں بحال کی گئی ہے اور ڈرون حملوں پر امریکا سے پاکستان کے اختلافات اب بھی برقرار ہیں ، ترجمان کے مطابق امریکاکو اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں2ارب ڈالر سے زائد دینے ہیں جس کے طریقہ کار پر بات چیت جاری ہے۔