پاکستان
05 جولائی ، 2012

ایف آئی آر درج نہ ہونے کیخلاف سزا کے قانون کا بل پیش

ایف آئی آر درج نہ ہونے کیخلاف سزا کے قانون کا بل پیش

اسلام آباد… ایم کیوایم نے تھانوں میں ایف آئی آر درج نہ ہونے کیخلاف سزا کے قانون کا بل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو پیش کردیا ہے ، وزارت قانون نے اسکی مخالفت کی ہے، اپوزیشن نے توہین عدالت اور دہری شہریت کے نئے حکومتی ترمیمی بل پہلے کمیٹی میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس اسلام آباد میں نسیم چودھری کی زیر صدارت ہوا، رکن کمیٹی ظفرعلی شاہ نے کہاکہ توہین عدالت اور دہری شہریت کے ترمیمی بل، پارلیمنٹ سے پہلے قائمہ کمیٹی میں آنے چاہیئں، رکنی کمیٹی عبدالغفور چودھری نے کہاکہ قومی اسمبلی کو استحقاق حاصل ہے کہ کوئی بل ، قائمہ کمیٹی کو بھیجے یا نہ بھیجے، برطانیہ اور دیگر ممالک میں پارلیمنٹرینز کی دہری شہریت پر پابندی نہیں ہے، چیئرپرسن کمیٹی نے کہاکہ قومی اسمبلی قانون ساز ادارہ ہے، اس کے قواعد کی پابندی نہ کی اچھا پیغام نہیں جائے گا، ایم کیوایم کے اقبال قادری نے ایف آئی آر اندراج نہ ہونے کیخلاف سزا کا قانونی بل ، کمیٹی میں پیش کیا، اس کے مطابق ایف آئی آر درج نہ کرنے والے پولیس آفیسر کو 7 برس تک سزا دی جائے، عبدالغفور چودھری نے بل کی حمایت میں کہاکہ بل کو منظور ہونا چاہیئے کیونکہ ایف آئی آر اندراج میں تاخیر سے شہادتیں ضائع ہوجاتی ہیں، وزارت قانون کے سیکریٹری اور جائنٹ سیکریٹری نے اس بل کی مخالفت میں رائے دی، چیئرپرسن کمیٹی نسیم چودھری نے ایک موقع پر ریمارکس دیئے کہ وزارت داخلہ میں کرپشن ہورہی ہے، پولیس والوں کو ترقی کیلئے رشوت دینا پڑتی ہے۔

مزید خبریں :