20 اپریل ، 2017
کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایکسچینج کمپنی نجی گارڈز رکھنا مہنگا پڑگیا، دو گارڈ اپنے دو ساتھیوں کی مدد سے کمپنی کے ایک کروڑ47لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے سلطان آباد میں کارروائی کرکے لوٹی گئی رقم میں سے 23 لاکھ روپے برآمد کرلئے۔
کلفٹن میں باغ ابن قاسم کے قریب نجی ایکسچینج کمپنی ال سہارہ کی گاڑی میں رقم منتقل کی جارہی تھی کہ اس کے اپنے محافظ ہی لٹیرے بن گئے، وی آئی پی نامی سیکیورٹی کمپنی کے دو محافظوں ثنا اللہ اور سبز علی نے اپنے ساتھیوں کو یرغمال بنایا، تھیلوں میں موجود ایک کروڑ 47لاکھ روپے لوٹے، اس دوران ان کے دو دیگر ساتھی گاڑی میں آئے جن کے ساتھ وہ باآسانی فرار ہوگئے۔
دونوں سیکیورٹی گارڈز کے شناختی کارڈز کی تفصیلات، تصویریں اور ثنا اللہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج ’جیونیوز‘ نے حاصل کر لی ہے جس میں اس کی شکل واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے۔
واردات کے بعد ملزمان نزدیکی علاقے سلطان آباد پہنچے جہاں انہوں نے ایک تھیلے میں بھرے 23 لاکھ روپے چھپائے جنہیں پولیس نے اطلاع پر کارروائی کر کے برآمد کر لیا تاہم ابھی بھی ثنا اللہ اور سبز علی سمیت 4ڈاکو قانون کی گرفت سے باہر ہیں جبکہ ان کے پاس ایک کروڑ 24لاکھ روپے موجود ہیں۔
شہر میں بینک ڈکیتی ہو یا نقب زنی بہت سی وارداتوں کا کھرہ نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈز کی جانب ہی نکلتا ہے اور ماضی میں سیکیورٹی کمپنیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کےلیے دعوؤں کے ساتھ ساتھ پولیس میں ایک یونٹ بھی بنایا گیا تھا لیکن اس کی کارکردگی حالیہ واردات کے بعد بخوبی جانچی جاسکتی ہے۔