26 اپریل ، 2017
کوئٹہ میں حروف جمالیات کےعنوان سے قومی سطح کی اسلامی خطاطی کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، ملک کے فن خطاطی کے نامور اساتذہ اور خطاط کے بین الاقوامی معیار کے فن پارے اپنی نوعیت کی اس منفرد نمائش کا حصہ بنے۔
اگر کہا جائے کہ فن خطاطی مسلمانوں کا عظیم ثقافتی ورثہ ہے توغلط نہ ہوگا، اس کا اندازہ کوئٹہ کی سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں ہوئی اسلامی خطاطی کی نمائش سے لگایاجاسکتاہے۔
اس منفرد نمائش میں مایہ ناز خطاط رشیدبٹ، مقصود لاشاری، اصغرعلی، الہٰی بخش، شفیق الزمان، ابن نادرالقلم، صائمہ اشفاق سمیت ملک بھر سے تقریباً 40 نامور خطاط اور ان کے فن پاروں کی نمائندگی نظر آئی۔
تین روزہ اسلامی خطاطی نمائش کا افتتاح کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نےکیا، انہوں نے نمائش کے انعقاد اور وہاں موجود اسلامی خطاطی کےفن پاروں کے معیار کو خوب سراہا۔
اسلامی خطاطی کی نمائش میں خط نستعلیق، کوفی، دیوانی، سنبلی اور ثلث کےعلاوہ نقاشی، خطاطی کے جدید اسالیب کے ساتھ ساتھ خط آرٹ اور ڈیجیٹل خطاطی کے دلکش رنگ بھی نظرآئے۔
اس حوالے سے مایہ ناز خطاط رشید بٹ نے کوئٹہ میں حروف جمالیات کےعنوان سےقومی خطاطی کی نمائش کےاہتمام پر سردار بہادرخان ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر کو دلی مبارکباد پیش کرکرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ساری دنیا میں فن خطاطی اپنے عروج پر ہے اور ملک کے خطاط فنی طور پر بہت خوبصورت کام پیش کررہے ہیں۔
منتظمین کے مطابق فن خطاطی کی قومی نمائش کا مقصد یہ ہے کہ اسلامی ثقافتی میراث کےحامل اس خوبصورت اور لازوال فن کو عام کیااور خاص طور پر نئی نسل کو اس فن کی ضوفشانیوں سے روشناس کرایا جائے۔
وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبین کا کہناتھا کہ خطاطی ہمارے کلچر کاحصہ ہے اور ہمارا اسلامی ورثہ اوربزرگوں کافن ہے،اسلامی خطاطی کو مغرب میں بھی خراج تحسین پیش کیاجارہاہے۔