27 اپریل ، 2017
وزیراعظم میاں محمد نوازشریف عمران خان کو عدالت لے کر جائیں گے، انہوں نے 10 ارب روپے کی پیش کش کا دعویٰ مسترد کردیا۔
وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیران اور قانونی ماہرین نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر عمران خان کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اجلاس میں کہا گیاکہ بہتان تراشی اور الزامات عمران خان کا وتیرہ ہے، اب ان کے اس جھوٹ کو بھی بے نقاب کیا جائے گا۔
اجلاس میں پاناما کیس کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی ، طے پایا کہ جے آئی ٹی کے سامنے تمام حقائق اور مطلوبہ تفصیلات پیش کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی قانونی ماہرین نے عمران خان کے 10 ارب روپے کی پیشکش کے الزام پرقانونی چارہ جوئی کامشورہ بھی دیا۔
قانونی ماہرین کی رائے تھی کہ جھوٹ بولنے پرآئین کے62/63 کےتحت عمران خان کو نااہل قرار دلایا جا سکتا ہے ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے عمران خان کے خلاف ہتک عزت اور توہین عدالت کی کارروائی پر گرین سگنل دے دیا، سینئر قانونی ماہرین کی ٹیم بناکر فوری تیاری کی ہدایت بھی کردی۔
ذرائع کےمطابق اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ عمران خان روایتی انداز میں جھوٹ بول کر سیاسی مفادحاصل کرنا چاہتے ہیں، بہتان تراشی اور الزامات عمران خان کا وتیرہ ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ جھوٹے الزامات لگانے والوں کوہرفورم پر ماضی میں بھی ناکامی کا سامناکرنا پڑا، اب بھی ان کے جھوٹ کو بے نقاب کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہمیشہ خود کو عدالت اور عوام کے سامنے احتساب کے لیے پیش کیا، جھوٹ و بہتان ہمیشہ ناکام ہوا۔