02 فروری ، 2012
قاہرہ … مصرکے شہر پورٹ سعید میں فٹ بال میچ کے دوران تماشائیوں کے درمیان تصادم میں 73 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔مصری ٹی وی کے مطابق پورٹ سعید میں ال اہلی کلب اور المصری کلب کے درمیان فٹ بال میچ کھیلا جارہا تھا۔جو ال اہلی کلب نے1 کے مقابلے میں 3 گول سے جیت لیا۔مقامی کلب کی ہار تماشائیوں سے برداشت نہ ہوسکی۔وہ میچ کے اختتام پر میدان میں کود پڑے اور ال اہلی کلب کے کھلاڑیوں کے پیچھے بھاگنے لگے۔ بڑی تعداد میں تماشائیوں کے ایک ساتھ دوڑنے سے فٹ بال اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی اور تماشائی ایک دوسرے کو روندتے چلے گئے۔ جس کے بعد مشتعل تماشائیوں نے فٹ بال اسٹیڈیم کو آگ لگادی۔مصری حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں دم گھٹنے یا گہرے زخم آنے کی وجہ سے ہوئیں۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز نے اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔