08 مئی ، 2017
گوادر میں ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا اور ہلال احمر پاکستان کےزیر انتظام پاک ۔ چین برادرانہ طبی ایمرجنس سینٹر قائم کردیا گیا۔
صرف 30 یوم کےانتہائی مختصر عرصہ میں تقریباً 27 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کئے جانےوالے اس طبی ایمرجنسی سینٹر میں ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا کی جانب سے تین جبکہ ہلال احمر پاکستان کی جانب سے چار ماہر ڈاکٹرز خدمات سرانجام دیں گے۔
ابتدائی طور پر اس سینٹر میں ضروری ایمر جنسی کی صورت میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات میسرہوں گی تاہم بعد میں سرجری کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔
متعلقہ حکام کےمطابق اس ایمرجنسی سینٹر میں طبی سہولیات کی فراہمی کاسلسلہ آئندہ چندروز میں شروع کردیاجائےگا، ابتدائی طور پر اس ایمرجنسی سنٹر میں ایک سال کےعرصہ تک تمام سہولیات مفت ہوں گی۔
گذشتہ روز وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل بزنجو،نائب چیئرمین ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا چن ونگ ،پاکستان میں چین کےسفیر سن وی ڈونگ اورچیئرمین ہلال احمر پاکستان ڈاکٹرسعید الہٰی و دیگرحکام نےاس ایمرجنسی سینٹرکا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں گوادر پورٹ اتھارٹی، گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ و چینی حکام کےعلاوہ مقامی معتبرین بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر وفاقی وزیرپورٹ اینڈ شپنگ میرحاصل بزنجو کاکہناتھا کہ طبی ایمرجنسی سنٹر کاقیام کا گوادر کےعوام کےلئےتحفہ ہے، ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا اورہلال احمرپاکستان کایہ منصوبہ 30دن میں مکمل ہوا۔
ان کا کہناتھا کہ گوادر کے شہریوں کوعلاج معالجہ کے لیے کراچی کا رخ کرناپڑتاہے، امید ہےکہ ایمرجنسی سینٹر صحت کےحوالےسےتمام سہولیات سےآراستہ ہوگا۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا پسماندہ صوبہ ہے،صوبے کے صرف 20 فیصد بچے تعلیم حاصل کررہےہیں، انہوں نے زوردے کر کہا کہ چین گوادر میں بندرگاہ سے متعلق فنی اورچینی زبان سیکھنےکےادارے قائم کرے۔
سی پیک کےحوالے سے میرحاصل بزنجو نےکہا کہ سی پیک سے بلوچستان کے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں،صوبےکے عوام سی پیک کی مکمل حمایت کرتے ہیں اورصوبے کےعوام کو اس منصوبے کے فوائد حاصل ہونے چاہئیں۔
میرحاصل بزنجو نے یہ بھی کہاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگارکی فراہمی میں چینی دوست اپناکردارادا کریں۔
اس سے قبل نائب چیئرمین ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا چن ونگ نےتقریب سے خطاب میں کہا کہ ایمرجنسی طبی سینٹر کےقیام سےپاک ۔چین دوستی مزید مضبوط ہوگی اور اس سے مقامی افراد کو بھرپور فائدہ ہوگا۔
چن ونگ کا یہ بھی کہناتھا کہ چینی حکومت اوریہاں کام کرنےوالی کمپنیاں عوام کو تعلیم اورطبی سہولیات کی فراہمی کےلیےکوشاں ہیں۔
ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا کےسینئر عہدیدار نے اس موقع پر بہترین سکیورٹی فراہم کرنے پر پاکستانی اداروں کاشکریہ ادا کیا،ان کا کہناتھا کہ پاک فوج، ایف سی اور پولیس نے چینی شہریوں کوبہترین سیکورٹی فراہم کی ہے۔
صحت کی اس اہم سہولت کی فراہمی پرگوادر کےشہری بےحد خوش ہیں،ان کا کہناہے کہ ایمرجنسی سینٹر کےقیام سےمقامی لوگ یقیناً مستفید ہوں گے۔