پاکستان
06 جولائی ، 2012

تربت: کھڈان میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 18 افراد جاں بحق

تربت: کھڈان میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 18 افراد جاں بحق

کوئٹہ … تربت کے علاقے کھڈان میں نامعلوم افراد نے گاڑیوں پر فائرنگ کر کے 18 افراد کو قتل کردیا، واقعے میں متعدد افراد زخمی بھی ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے تفصیلات طلب کرلیں اور غیر قانونی طور پر سرحد پار کرانے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی سے براستہ تربت ایران جانے والی مسافر گاڑیوں پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 18 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ موٹر سائیکل ملزمان مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، غیر قانونی طور پر سرحد پار کرانے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ اسلم رئیسانی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر سرحد پار کرانے والی ٹرانسپورٹ کمپنی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں :