17 مئی ، 2017
مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیزنے تحریک انصاف پر حساب دینے پر بہانے بازی کاالزام لگایا،جواب میں پی ٹی آئی ترجمان نعیم الحق نے ن لیگی رہنما کے خلاف توہین عدالت کے تحت قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا ۔
ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز اورتحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق ایک بار پھر مدمقابل آگئے۔ن لیگی رہنما نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تحریک انصاف سے ڈھائی برس کا حساب مانگا جارہا ہے لیکن پی ٹی آئی مسلسل بہانے کررہی ہے۔
دانیال عزیز کا مزید کہناتھاکہ عمران خان وزیراعظم کی منی ٹریل کی باتیں بڑھ چڑھ کر کرتے تھے مگر ان کی اپنی منی ٹریل کا کچھ پتا نہیں چل رہا ہے۔
نعیم الحق نے ن لیگی رہنما کے جواب میں کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کو مقدمات میں الجھانا چاہتی ہے، دانیال عزیز نے خود توہین عدالت کی ہے، قانونی چارہ جوئی کریں گے ۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا مزید کہناتھاکہ جھوٹ بولنا اور کمیشنوں کے پیچھے چھپنا نواز شریف کی پرانی عادت ہے۔