30 مئی ، 2017
سپریم کورٹ کے بینچ نے فوجی عدالتوں کی سزائوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت سے معذرت کرلی اور اپیلیں کسی اور بینچ کے سامنے لگانے کے لئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا ہے۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےفوجی عدالتوں سے سزایافتہ ملزمان کی اپیلوں کی سماعت کی ۔
دوران سماعت جسٹس آصف کھوسہ نے کہا کہ بینچ میں شامل تینوں ججوں نے فوجی عدالتوں کیخلاف مقدمہ میں اختلافی نوٹ لکھاتھا، عدالتوں کو آئین سے متصادم قرار دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اختلافی نوٹ کی وجہ سے ہم میں سے کوئی بھی یہ کیس سننا نہیں چاہیے تھا ،اسی لیے ندیم عباس ،جہانگیر حیدر اور ذیشان کی اپیلیں کسی اور بینچ کے سامنے لگانے کے لئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا ۔
بینچ نے کہا کہ درخواست گزار کے وکیل چیف جسٹس کو متفرق درخواست کے ذریعے کیس نئے بینچ میں لگوانے کی استدعا کریں۔درخواست گزار ملزمان کو اگست 2016 میں کوئٹہ کی فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی ۔