کھیل
30 مئی ، 2017

بھارت سے ایجبسٹن میچ چیمپئنز ٹرافی فائنل سے بڑا مقابلہ ہے، جنید خان

بھارت سے ایجبسٹن میچ چیمپئنز ٹرافی فائنل سے بڑا مقابلہ ہے، جنید خان

پاکستان کی جانب سے 58ون ڈے انٹرنیشنل میں 86 وکٹیں حاصل کرنے والے بائیں ہاتھ کے تیز بولر جنید خان کہتے ہیں کہ ایجبسٹن میں 4جون کو پاک بھارت میچ چیمپئنز ٹرافی فائنل سے بھی بڑا مقابلہ ہے۔

برمنگھم میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب کی نظریں پاک بھارت مقابلے پر ہیں، یہ ایک اہم مقابلہ ہے اور اس میچ میں اچھی کارکردگی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بلندی پر پہنچا سکتی ہے، لیکن بحیثیت کھلاڑی ان کے لئے یہ ایک عام میچ ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ اسے ضرور بڑا میچ سمجھ رہے ہیں، لیکن ٹیم پاکستان چاہے گی کہ ہر میچ جیت کے لیے کھیلے، اس سوال پر کہ بھارت کا کون سا بیٹسمین ہے جسے جنید پویلین بھیجنا چاہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایک نہیں پوری بھارتی ٹیم کو آؤٹ کرنا ہماری بولنگ لائن اپ کا مشن ہوگا۔

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے اعتبار سےجنید خان نے اپنے چاہنے والوں اور پاکستانی عوام سے دعا ؤں کی خصوصی درخواست کی ہے۔

چار سال پہلے برمنگھم میں 15جون 2013ء کو بھی جنید خان چیمپئنز ٹرافی کھیلنے والی ٹیم پاکستان کا حصہ تھے، 4اوورز میں 21رنز دینے والے بائیں ہاتھ کے تیزبولر بھارت کے خلاف وکٹ سے محروم رہے تھے اور یہ میچ پاکستان 8وکٹ سے ہار گیا تھا۔

جنید خان نے بھارت کے خلاف 5ون ڈے میچوں میں 8وکٹیں حاصل کی تھیں۔

مزید خبریں :