پاکستان
08 جولائی ، 2012

ینگ ڈاکٹرز کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان ، دوبارہ احتجاج کی بھی دھمکی

ینگ ڈاکٹرز کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان ، دوبارہ احتجاج کی بھی دھمکی

لاہور … ینگ ڈاکٹرز نے ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، کل صبح 9 بجے سے پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹر ان ڈور اور آوٴٹ ڈور میں کام شروع کر دیں گے۔ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان ینگ ڈاکٹرایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر ناصر عباس نے میڈیا بریفنگ میں کیا۔ ہفتے کو ہائیکورٹ نے ینگ ڈاکٹرز کو ہڑتال ختم کرنے کا حکم دیا تھا جس پر ینگ ڈاکٹرز نے جنرل کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا ۔ 4 گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں ہڑتال ختم کرنے کے فیصلے کے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ عدالت کی سماعت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اگر گرفتار ڈاکٹروں کو رہا نہ کیا گیا اور سروس اسٹرکچر کے معاملات پر پیشرفت نہ ہوئی تو کل 2 بجے دوبارہ جنرل کونسل کا اجلاس ہو گا جس میں ہڑتال ختم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر ناصر عباس کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے بھرتی کیے گئے ڈاکٹروں کو کوئی دھمکی نہیں دی جارہی، وہ کام کریں یا نہ کریں ان کا اپنا فیصلہ ہو گا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے رہنما کا کہنا ہے کہ 4 دوستوں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کاٹ کر انہیں قید میں رکھا گیا ہے ہم ان کے ساتھ ہیں، مطالبات نہ مانے گئے تو دوبارہ ہڑتال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سروس اسٹرکچر ہمارا حق ہے اس کیلئے کوشش کرتے رہیں گے، سروس اسٹرکچر اور دوستوں کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، قید ساتھیوں کو چھڑانے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں ۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عوام اور سپریم کورٹ انصاف کریں، اب بھی مختلف علاقوں میں ڈاکٹرز کو ہراساں کیا جارہا ہے اور جھوٹی ایف آئی آر کاٹی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کے دوران مکمل اتحاد کا مظاہرہ کیا، آئندہ بھی اپنے حق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

مزید خبریں :