کھیل
03 جون ، 2017

پاک بھارت ٹاکرا: دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے دلچسپ اسٹرائیک ریٹ

پاک بھارت ٹاکرا: دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے دلچسپ اسٹرائیک ریٹ

ٹی ٹونٹی کرکٹ  کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں اسٹرائیک ریٹ کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور اب ایک روزہ میچز میں کھلاڑیوں پر اس حوالے سے دباؤ بھی بڑھ گیا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اتوار کو برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ میں دونوں ٹیموں کو نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں اور اگر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے اسٹرائیک ریٹ کا موازنہ کیا جائے تو سرفراز اور کوہلی الیون برابری کی سطح پر موجود ہیں۔

دونوں ٹیموں کے ابتدائی بلے بازوں میں سے کوئی بھی بیسٹمین 100 سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ سے کھیلنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں موجود نہیں ہے۔ ایک جانب جہاں پاکستانی اوپنرز احمد شہزاد اور اظہر علی کا اسٹرائیک ریٹ 80 سے کم ہے تو وہیں بھارتی اوپنرز شیکھر دھون اور روہت شرما تقریباً 85 کا اسٹرائیک ریٹ رکھتے ہیں۔

نمبر 3 پوزیشن پر دونوں ٹیموں کا مقابلہ برابر ہے کیوں کہ ویرات کوہلی اور بابر اعظم کا اسٹرائیک ریٹ 90 ہے تاہم نمبر 4 سے 6 تک بیٹنگ کے لیے آنے والے کھلاڑیوں میں بھارت کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے جہاں دھونی اور یوراج 85 سے اوپر کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ آگے ہیں لیکن ان دونوں کا مقابلہ وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد سے ہے جو 89  کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہیں۔

جب کہ محمد حفیظ 75 اور شعیب ملک 81 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم میں سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ 21 ون ڈے کھیلنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم کا ہے جو کہ 100 کے ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہیں جب کہ بھارتی ٹیم میں 100  کے اسٹرائیک ریٹ پر کھیلنے والے واحد کھلاڑی کیدھر جادہو ہیں۔

مزید خبریں :