09 جولائی ، 2012
کراچی… ہماری حکومت کی کہاوت ہے کہ جتنی چادر دیکھو اس سے کہیں زیادہ پاوٴں پھیلانے کی کوشش کرو ، اس پر عمل کرتے ہوئے حکومت نے مالی سال 2012 میں بینکوں سے دو گنا زائز قرض لے لیا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق یکم جولائی 2011 سے 30 جون 2012 کے دوران حکومت نے بینکوں سے 1 ہزار 280 ارب روپے قرض لیا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں صرف 645 ارب روپے قرض لیا گیا تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق وفاقی حکومت نے 591 ارب روپے اسٹیٹ بینک سے ، 548 ارب روپے کمرشیل بینکوں سے جبکہ بقیہ قرض دیگر بینکاری ذرائع سے حاصل کیا۔ قرض لینے کی یہ بیماری صرف وفاق تک محدود نہیں بلکہ مالی سال 2012 میں حکومتی مشینری چلانے کے لیے سندھ نے 46 جبکہ پنجاب نے 14 ارب روپے سے زائد قرض حاصل کیا۔