پاکستان
11 جون ، 2017

پنجاب میں بارش، آندھی اور طوفان، 10 افراد جاں بحق

پنجاب میں بارش، آندھی اور طوفان، 10 افراد جاں بحق

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، آندھی اور طوفان، بہاولنگر،فیصل آباد، ملتان، راجن پور اور لودھراں سمیت کئی شہروں میں مختلف واقعات میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، مری اور گردونواح میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری جبکہ صوابی،مینگورہ میں بارش ہوئی ہے، مانسہرہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔

بہاول نگر میں آنے والے طوفان نے مختلف علاقوں تباہی مچادی،کہیں سائن بورڈزاور مکان کی چھتیں تو کہیں دیواریں لوگوں پر آگریں۔ان حادثوں میں 10 سالہ بچی، اور 2بزرگوں سمیت 10افراد جاں بحق اور 10 بچوں اور 5خواتین سمیت درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

فیصل آباد میں موسلادھار بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ملتان میں بارش کےدوران کرنٹ لگنےسے ایک شخص جاں بحق اور آندھی اور تیز بارش کے باعث گھر اور مدرسے کی چھتیں گرنے سمیت دیگر حادثات میں19 افراد زخمی ہوئے۔

راجن پور میں بارش کےدوران کرنٹ لگنےسے باپ اور اسکا 10سالہ بیٹا جاں بحق ہوگیا۔

لودھراں میں کچے مکانوں کی چھتیں گرنے سے 7افراد زخمی ہوگئے ۔

سيالکوٹ ،گوجرانوالا ، گجرات ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان ، حافظ آباد،جام پور، خانیوال ،جہانیاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت دیگر شہرو ں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

میپکو ترجمان کے مطابق میپکو ریجن میں آندھی سے بجلی کے سیکڑوں پول گرگئے ہیں۔

ادھر مری اور گردونواح میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا ،صوابی ،مینگورہ اور گردونواح میں بارش جبکہ مانسہرہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔

مزید خبریں :