13 جون ، 2017
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے نواحی علاقے شیخوپورہ روڈ پر مضر صحت اور غیر معیاری مشروب ساز فیکٹری پر چھاپا مار کر 3لاکھ سے زائد تیار بوتلیں قبضے میں لے لیں اورپیداواری یونٹ سیل کر کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔
رمضان المبارک میں ایک جانب کولڈ ڈرنکس کی مانگ بڑھی ہوئی ہے، تو دوسری جانب منافع خور مافیا ناقص اور غیرمعیاری مشروب بیچ کرجیبیں بھرنےمیں مصروف ہے۔
شیخوپورہ روڈ پر واقع معروف کولڈ ڈرنکس کا پروڈکشن یونٹ زائدالمیعاد اجزاء اورمٹھاس کے لیےکیمیکلز استعمال کرنے پر سیل کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی رافعہ حیدر نے بتایا کہ مشروب کے مارکیٹ سے اٹھائے گئے نمونوں میں خطرناک حد تک مضر ِصحت اجزاپائےگئے۔
ویجیلنس سیل کے ذریعے مشروب ساز فیکٹری کی مکمل ریکی کروا کر چھاپا مارا گیا، جہاں 3 لاکھ بھری ہوئی، جبکہ ساڑھے چار لاکھ بوتلوں کا خام مال قبضےمیں لےکرپروڈکشن یونٹ سیل کر دیا گیا۔
فیکٹری مالکان نے فوڈ اتھارٹی حکام کی گرفت سے بچنے کے لیے بوتلوں پر فیکٹری کاپتہ بھی غلط درج کر رکھا تھا۔